اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک نے کینیڈین ہائی کمشنر برائے پاکستان، ہز ایکسی لینسی طارق علی خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکریٹری وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی محترمہ عائشہ موریانی بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے مابین جی ایم کینولا کی تجارت کے مختلف پہلوؤں، خصوصاً ہارمونائزڈ سسٹم (HS) کوڈز سے متعلق پیچیدگیوں اور متعلقہ طریقہ کار میں بہتری کی ضرورت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے ہائی کمشنر کو یقین دلایا کہ وزارت تمام ممکنہ انتظامی تاخیر کو کم سے کم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور یہ کہ مستقبل میں جو بھی پالیسیاں تشکیل دی جائیں گی یا موجودہ پالیسیوں میں جو بھی اصلاحات کی جائیں گی، ان کا بنیادی مقصد طریقہ کار کو آسان بنانا اور درآمد کنندگان و برآمد کنندگان کی سہولت کو یقینی بنانا ہوگا۔ وزیر نے آگاہ کیا کہ وزارت اپنا ڈیجیٹل ڈیش بورڈ مزید بہتر بنا رہی ہے، جس سے شفافیت، کارکردگی اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے لیے کاروبار میں آسانی میں اضافہ ہوگا۔

ملاقات میں وزارت کی تکنیکی اور ریگولیٹری صلاحیت بڑھانے کے لیے استعداد کار میں اضافے پر بھی گفتگو ہوئی تاکہ موسمیاتی تجارت، زرعی اجناس اور بایو سیفٹی سے متعلق امور کو مؤثر طریقے سے نمٹایا جا سکے ہائی کمشنر طارق علی خان نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا، خصوصاً زرعی اور غذائی شعبوں میں تجارتی مواقع کے فروغ کے حوالے سے۔ انہوں نے وزارت کی جانب سے ریگولیٹری طریقہ کار میں بہتری کے اقدامات کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی دونوں فریقین نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور پائیدار، شفاف اور باہمی مفاد پر مبنی تجارتی تعاون کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا



