اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان میں مالیاتی ٹیکنالوجی (فِن ٹیک) کے شعبے میں نمایاں ترقی دیکھی جا رہی ہے۔ فوربز کی تازہ رپورٹ کے مطابق، 2024 میں پاکستان میں فِن ٹیک میں سرمایہ کاری دوگنی ہو کر 26.3 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ 2025 کے پہلے چھ ماہ میں یہ سرمایہ کاری مزید بڑھ کر 52.5 ملین ڈالر تک جا پہنچی، جو ملک میں مضبوط اقتصادی بحالی کا واضح ثبوت ہے۔
یہ تیزی خاص طور پر فِن ٹیک سیکٹر میں دیکھی جا رہی ہے، جس کے پیچھے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی معاشی اصلاحات، اور وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کی کوششیں ہیں۔ پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ، وزارت آئی ٹی کا فلیگ شپ پروگرام، وینچر کیپیٹل لانے کے لیے ایکوئٹی فری گرانٹس فراہم کر رہا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہو رہا ہے۔
حکومت کی ڈیجیٹلائزیشن ایجنڈا، مضبوط ریگولیٹری سپورٹ، اور سرمایہ کار دوست اقدامات نے فِن ٹیک فنانسنگ کے رجحان کو تقویت دی ہے۔ ملک میں ٹیک بیسڈ معیشت کے فروغ سے اسٹارٹ اپ سیکٹر میں نمایاں تبدیلی آ رہی ہے اور پاکستان عالمی مالیاتی ٹیکنالوجی کے نقشے پر اپنی اہمیت بڑھا رہا ہے۔



