اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی پولیو کے خاتمے کی کوشسیں قابل تحسین ہیں،پنجاب پولیو کے خاتمے کی کوشسوں میں سر فہرست ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔تقریب میں بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا گیا۔صوبائی وزیر برائے صحت خواجہ عمران نے کہا کہ لاہور میں پولیو مہم سات روز جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی کوشسوں سے ماحولیاتی نمونے منفی ہو رہے ہیں اس موقع پر وزیر اعلی کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمی کاردار نے کہا کہ پنجاب میں 2025 کے دوران صرف ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا۔ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی شرح 26 فیصد رہ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مضبوط کوریج کی بدولت پنجاب میں پولیو سے معذوری کے بڑے کیسز رپورٹ نہیں ہوئے۔سربراہ انسداد پولیو پروگرام عدیل تصور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں مہم سات دن تک جاری رہے گی، دیگر اضلاع میں چار دن تک ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 2 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز 1 کروڑ 70 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائیں گے۔پولیو کے خلاف نمایاں پیش رفت کے باوجود وائرس اب بھی ایک خطرہ ہے۔ آبادی کی مسلسل نقل و حرکت وائرس کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ ہے۔78 فیصد سے زائد مثبت نمونے صوبے کے اندرونی پھیلاؤ سے جڑے ہوئے ہیں ہائی رسک موبائل آبادی کی ویکسینیشن کے لیے پنجاب میں ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ بین الصوبائی آمد و رفت کرنے والی آبادی کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔حکومتِ پنجاب فرنٹ لائن پولیو ورکرز کی سکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے۔پولیو کے خلاف بہترین تحفظ کے لیے ہر بچے کو بار بار پولیو کے قطرے پلانا ضروری ہے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو ٹیموں کا خیرمقدم کریں اور تعاون یقینی بنائیں۔




