این ایل سی نے پیپری میں ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور اور ملٹی ماڈل لاجسٹکس پارک کے قیام کا آغاز کر دیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)این ایل سی نےپیری میں ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور اور ملٹی ماڈل لاجسٹکس پارک کی تعمیرکے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق کراچی بندرگاہ پر بذریعہ ریل مال برداری کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے کنٹینروں کا رش معمول ہے ،ترسیل کا نظام سست اور معاشی سرگرمیوں پر منفی اثر پڑتا ہے،بھاری ٹریفک کی وجہ سے آلودگی اور سڑکوں کو نقصان کا سامنا ہے،ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور اور ملٹی ماڈل لاجسٹکس پارک کی تعمیر ان مسائل کا دیرپا حل ہے۔ہفتہ کوڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور اور ملٹی ماڈل لاجسٹکس پارک کے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی ، ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان احمد بن سلیم مہمانِ خصوصی تھے۔این ایل سی منصوبے کو 400 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کا ٹھیکہ مختلف مراحل میں مکمل کرے گا،منصوبے کا پہلا مرحلہ چار ماہ میں مکمل ہو گا،منصوبہ کراچی بندرگاہ سے مارشلنگ یارڈ پِپری تک 52 کلومیٹر ریلوے کوریڈور کی بحالی اور جدید ملٹی ماڈل لاجسٹکس پارک تعمیر پر مشتمل ہے، منصوبہ پاکستان چین اقتصادی راہداری اور پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون پراجیکٹ کے مطابق ہے۔

تکمیل کے بعد کراچی بندرگاہ سے درآمدی کنٹینرز کو براہِ راست ریل کے ذریعے پِپری منتقل کر کے اندرون ملک، چین، وسطی ایشیا اور دیگر علاقائی ممالک کو روانہ کیا جائے گا۔ منصوبے کی بدولت کراچی بندرگاہ پر کنٹینروں کا رش کم ،ترسیل کا نظام مربوط، معاشی سرگرمیاں تیز، ماحولیات اور ٹریفک کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔