اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے شمالی وزیرستان اور کرم میں فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے سیکیورٹی اہلکاروں نے بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے اور قوم کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابلِ فخر ہے انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گرد عناصر کو ملک میں جگہ نہیں دی جائے گی۔




