اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایل وائی-80 (این) میزائل اور لوئٹرنگ میونیشن کے کامیاب تجربے پر پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ہفتہ کے روز گورنر ہاؤس سے جاری بیان میں انہوں نے شمالی بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کی کامیاب اور جامع مشق پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں ملکی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافے کی عکاس ہیں گورنر خیبرپختونخوا نے پاک بحریہ کے جدید فضائی دفاعی، سطح سے فضا میں حملہ کرنے والے اور خودکار نظاموں کی مؤثر کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ان جدید نظاموں نے بحری دفاع کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ انہوں نے خودکار سطحی جہاز (یو ایس وی) کے کامیاب اوپن سی ٹرائلز کو ملک کی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
فیصل کریم کنڈی نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ آپریشنل تیاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور قومی سلامتی کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے دریں اثنا، گورنر خیبرپختونخوا نے شمالی وزیرستان اور کرم میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز اور پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔ گورنر کے پبلک ریلیشنز آفیسر کے مطابق انہوں نے کہا کہ بروقت اور مؤثر کارروائیوں سے بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا ، انہوں نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قوم کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز اور پولیس کا کردار قابلِ تحسین ہے اور پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام ادارے باہمی یکجہتی کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔




