اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے خیبرپختونخواکے ضلع کوہاٹ میں واقع نشپا بلاک سے تیل اور گیس کی بڑی دریافت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نشپا بلاک میں کھودے گئے ایکسپلوریٹری کنویں براگزئی ایکس1 (سلانٹ) سے یومیہ2,280 بیرل تیل اور 5.6 ملین مکعب فٹ گیس کی پیداوار حاصل ہو رہی ہے۔ پیداوار 32/64 انچ کے چوک سائز کے ساتھ کنویں کے دہانے پر 2400 پی ایس آئی دباؤ پر حاصل کی جا رہی ہے،جو نشپا بلاک میں کنگریالی فارمیشن سے ہونے والی پہلی ہائیڈروکاربن دریافت ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ کنواں 24 دسمبر 2024 کو کھودا گیا اور اسے5,170 میٹر کی گہرائی تک ڈرل کیا گیا، جہاں تقریباً 90 میٹر موٹی تہہ میں ہائیڈروکاربن کی موجودگی کے شواہد سامنے آئے۔ بعد ازاں کیے گئے تکنیکی ٹیسٹس کے نتیجے میں تیل اور گیس کی پیداوار ممکن ہوئی۔او جی ڈی سی نشپا ایکسپلوریشن لائسنس میں بطور آپریٹر 65فیصد، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ 30 فیصد اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ 5 فیصدکے حصہ دار ہیں۔

یہ اہم دریافت نہ صرف علاقے میں مزید گہری تلاش کے امکانات کو محفوظ بناتی ہے بلکہ ملکی وسائل سے توانائی کی طلب اور رسد کے فرق کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔ اس کے ساتھ او جی ڈی سی، اس کے پارٹنرزاورپاکستان کے ہائیڈروکاربن ذخائر میں اضافہ کرے گی۔او جی ڈی سی کے ایم ڈی /سی ای او احمد حیات لک نے کہا کہ”یہ کامیابی پاکستان میں توانائی کے ذخائر کی تلاش کے لیے کمپنی کی کاوشوں اور فنی مہارت کا عملی ثبوت ہے اور اس سے ملک کے لیے پائیدار توانائی کے حصول میں مدد ملے گی۔




