اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ہفتہ کے روز سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشرری کے ہمراہ F-7/3 پارک میں ایم سی آئی کے زیر انتظام اسلام آباد کی پہلی اورگینک کمیونٹی مارکیٹ کا دورہ کیا اور مارکیٹ میں قائم مختلف سٹالز کا معائنہ کیا متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کو اورگینک کمیونٹی مارکیٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمیونٹی مارکیٹ میں مختلف اشیاء کے سٹالز قائم کئے گئے ہیں اور مارکیٹ میں قدرتی، کیمیائی مادوں سے پاک، تازہ اور صحت بخش غذائی اجناس اور مصنوعات کے اسٹالز شہریوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اورگینگ مارکیٹ میں بچوں اور فیملیز کیلئے خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جسکی وجہ سے یہ مارکیٹ تفریح اور صحت دونوں کا حسین امتزاج ہے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ مختلف سٹالز پر تازہ پھل اور سبزیاں، ہوم میڈ بیکری آئٹمز، دستکاروں کی تیار کردہ لذیذ غذائیں اور اعلیٰ معیار کے پنیر سمیت دیگر قدرتی اجناس شامل ہیں اور شہریوں کی جانب سے ان قدرتی مصنوعات کو بھرپور پذیرائی حاصل ہورہی ہے بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ مارکیٹ میں فیملیز کیلئے مفت داخلے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اسی طرح ایم سی آئی کے زیر انتظام ہر ویک اینڈ پر شہریوں کیلئے اس اورگینگ مارکیٹ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اورگینگ کمیونٹی مارکیٹ ہر ویک اینڈ پر صبح 11:30 بجے تا شام 4:30 بجے تک فیملیز کیلئے اوپن رہتی ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے مارکیٹ کے بہترین انتظامات اور شہریوں کی مارکیٹ میں بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مارکیٹ نہ صرف ایک خریداری کا مرکز ہے بلکہ کمیونٹی کے باہمی ربط کا بہترین پلیٹ فارم بھی ثابت ہوگی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یہ مارکیٹ ہمارے شہریوں کو انکے قریب ترین پارک میں صحت بخش مصنوعات تک رسائی فراہم کرنے کا بھی ایک ذریعہ ہے سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری نے کہا کہ اورگینگ کمیونٹی مارکیٹ صحت بخش اور معیاری مصنوعات کی دستیابی کیلئے ایک بہترین اقدام ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے مارکیٹ کے انعقاد، پارک کے صحتمند ماحول، منظم لے آؤٹ اور ‘زیرو لٹرنگ پالیسی’ پر سختی سے عملدرآمد بنانے کی ہدایت کی اس موقع پر سی او ایم سی آئی ڈاکٹر انعم فاطمہ نے شہریوں سے پارک کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پارکس کو مشترکہ کمیونٹی اسپیسز کے طور پر فروغ دینے کی ہماری کوشش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی ایسے اقدامات کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی صحت بخش مارکیٹس کے انعقاد کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اسطرح کی مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکیں.




