راولپنڈی. رنگ روڈ پراجیکٹ کے فلائی اوورز پر گرڈر لگانے کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے، جو اس اہم انفراسٹرکچر کی ترقی میں ایک سنگ میل ہے،ڈائریکٹر جنرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضی نے کہا یہ پراجیکٹ راولپنڈی میں ٹریفک کی روانی میں کمی اور بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے، اس منصوبے کا مقصد شہر کے مختلف علاقوں کو ایک دوسرے سے جوڑنا اور علاقے میں نقل و حمل کے نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانا ہے،انہوں نے اس منصوبے کی بروقت اور موثر تکمیل کے لیے واضح ہدایات جاری کی ہیں، کنزہ مرتضیٰ نے کہا، “منصوبے کو طے شدہ وقت میں مکمل کرنا ضروری ہے، لیکن اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، ہم عوام کی حفاظت اور سہولت کے لیے فلائی اوورز کو اعلیٰ ترین معیار کے مطابق تعمیر کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
رنگ روڈ پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد شہر کے مختلف حصوں کے درمیان رابطے میں اضافہ ہوگا، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی بلکہ علاقے میں اقتصادی ترقی کو بھی فروغ ملے گا، فلائی اوورز پر گرڈر کی لانچنگ اس منصوبے کے اہم مرحلے کی علامت ہے، جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ منصوبہ اپنی متوقع تکمیل کی تاریخ کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے،آر ڈی اے اس منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لیے مختلف اداروں کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ تعمیراتی مرحلے کے دوران حفاظتی پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جائے۔