راولپنڈی(نیوز رپورٹر) ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی اویس منظور تارڑسے گزشتہ روز پوٹھوہاری کےمعروف شاعر۔محقق اور چار کتابوں کے مولف فیصل عرفان۔ پنجابی اور اردوکے شاعر اتفاق بٹ اور اردو اور پوٹھوہاری کے شاعرجہانگیر عمران نے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس آ رڈی اے جنید تاج بھٹی بھی موجود تھے۔ملاقات کا ایجنڈا نہ تعمیر شدہ راول فاریسٹ لائبریری مری روڈ راولپنڈی کی فعالیت میں مقامی شاعروں اور ادیبوں کی رضاکارانہ کنٹری بیوشن تھا۔اس موقع پر اویس منظور تارڑاور جنید تاج بھٹی نے وفدکو بتایا کہ لائبریری کی تزئین وآرائش حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہے.
جسکا افتتاح آ ئندہ چند روز میں کردیا جائے گا۔دونوں افسران نے خواہش کا اظہار کیا کہ شہر کی ادبی برادری اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہفتہ وار بنیادوں پر یہاں مستقل ادبی نشستوں کا اہتمام کرے توفرنیچر اورمنی ساؤنڈ سسٹم سمیت ہر ممکن معاونت فراہم کرینگے۔ہم چاہتے ہیں کہ راول فاریسٹ لائبریری ادبی و ثقافتی مرکز بنے۔دونوں افسران نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ اگر مثبت فیڈ بیک ملا تو شہر کے ہر پارک میں اسی طرح کی اوپن ائیر لائبریریاں قائم کرینگے۔اس موقع پر فیصل عرفان۔اتفاق بٹ اور جہانگیر عمران نے کہا کہ پوٹھوہاری ۔پنجابی اوراردو کتابوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لائبریری کو فعال بنانے میں ہر ممکن تعاون کرینگے۔بعد ازاں فیصل عرفان نے پوٹھوہاری لوریوں پر مشتمل اپنی کتاب چہھوٹے لارے بھی ایڈیشنل ڈی جی اویس منظور تارڑ کو پیش کی۔