اساتذہ قوم کے معمار ہیں، تعلیم قومی ترقی کی بنیاد ہے: احسن اقبال

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)قوموں کی تعمیر میں سب سے بڑا کردار اُن اساتذہ کا ہے جو علم کے چراغ جلا کر ذہنوں کو روشنی دیتے ہیں اور نسلوں کو کردار و وژن عطا کرتے ہیں۔‘‏وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے ’’گلوبل ایجوکیشن کانفرنس و انٹرنیشنل اسکول ایوارڈز‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ صرف تعلیمی نظام کا حصہ نہیں بلکہ قوموں کے مستقبل کے معمار ہیں۔ تعلیم ہی وہ قوت ہے جو معاشی استحکام، سماجی انصاف اور ترقی کے دروازے کھولتی ہے۔‏انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان پالیسیوں میں تسلسل اور تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح بنائے تو ہم ایک دہائی میں ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہو سکتے ہیں۔ ’’اُڑان پاکستان‘‘ ویژن کے تحت حکومت تعلیم، تحقیق اور انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری کو قومی ترقی کی بنیاد بنا رہی ہے۔‏

پروفیسر احسن اقبال نے اساتذہ کے وقار، تربیت اور کردار کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر کامیاب فرد کے پیچھے ایک استاد کی محنت اور رہنمائی شامل ہوتی ہے, یہی وہ روشن چہرے ہیں جو پاکستان کے مستقبل کو سنوارتے ہیں۔‏ایپسما کے مرکزی صدر کاشف ادیب جاودانی ، سید عادل علی شاہ ، ڈاکٹر اعجاز محمود ، شاہد اقبال اور دیگر اساتذہ کو تعلیمی خدمات پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر کاشف ادیب جاودانی نے گلوبل ایجوکیشن کانفرنس کے انعقاد پر مینجمنٹ کا شکریہ ادا کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ استاد قوم کا معمار ہے قوم سازی میں اس کا کردار نہایت اہم ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں استاد کو وہ عزت اور مقام نہیں دیا گیا جس کا وہ حق دار تھا۔ سید عادل علی شاہ ، ڈاکٹر اعجاز محمود اور شاہد اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ کی خدمات کے اعتراف میں اس طرح کی تقاریب منعقد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے.