لاہور(سٹاف رپورٹر)سندس فاؤنڈیشن اور پنجاب محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے اشتراک سے پلس گارد نیٹ ورک پنجاب کے تحت خون عطیہ کرنے والوں کے اعزاز میں اعترافی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس مشترکہ انسانی مشن کی تقریب میں سیکٹری سوشل ویل فئیر و بیت المال پنجاب جناب جاوید اختر محمود،ایڈیشنل سیکرٹری آمنہ منیر،ڈائریکٹر فائزہ نعیم وڑائچ اور ڈی جی سوشل ویلفیئر محمد طارق قریشی نے شرکت کی معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال سندس فاؤنڈیشن کے صدر یاسین خان، پٹرن سہیل احمد وڑائچ اور ڈائریکٹر خالد عباس دار نے کیا۔ جہاں انہوں نے تھیلیسیمیا، ہیفیلیا اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا مریض بچوں کی عیادت کی ان میں تحائف تقسیم کیے اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا.

اس موقع پر میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان گلانی نے معزز مہمانوں کا کو ادارے میں دستیاب طبی سہولیات جدید مشینری علاج کے معیاری نظام اور بلڈ مینجمنٹ سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ سندس فاؤنڈیشن ہر ماہ سیکڑوں مریضوں کو عالمی معیار کے مطابق مفت خون اور علاج فراہم کر رہا ہے مزید برآں جینیاتی اسکریننگ، تحقیق اور بیماری کی بروقت تشخیص کے لیے جاری منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
بعد ازاں جناب جاوید اختر محمود کہنا تھا کہ میں سندس فاؤنڈیشن کی عظیم اور انسانی خدمات کو دِل کی گہرائیوں سے سراہتا ہوں سندس فاؤنڈیشن نے نہ صرف خون عطیہ کرنے والوں کی قدر دانی کی بلکہ ان بیماریوں سے متاثرہ مریضوں کے لیے مفت علاج اور ترقی یافتہ طبی سہولتیں فراہم کرکے حقیقی معنوں میں امید کی کرن بن کر اُبری ہے.

میری خواہش ہے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب اور سندس فاؤنڈیشن مل کر مزید قریبی شراکت داری قائم کریں ہم اپنا پورا تعاون فراہم کریں گے تاکہ فاؤنڈیشن کے اس مشن کو مزید وسعت دی جائے مزید عطیہ دہندگان کو متحرک کیا جائے اور خون کی بیماریوں کے مریضوں کو بہترین اور دیرپا علاج فراہم کرنے میں مشترکہ طور پر کردار ادا کریں تقریب کے اختتام پر نمایاں خدمات انجام دینے والے بلڈ ڈونرز میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ سیکریٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب جناب جاوید اختر محمود کو انسانی خدمت کے شعبے میں اُن کی گرانقدر کاوشوں کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ پیش کی گئی.




