مشیرِ وزیرِاعلیٰ پنجاب برائے زکوٰۃ و عشر راشد اقبال نصراللہ کا سندس فاؤنڈیشن کا دورہ، معیاری خدمات کو سراہا

لاہور(سٹاف رپورٹر ) مشیرِ وزیرِاعلیٰ پنجاب برائے زکوٰۃ و عشر راشد اقبال نصراللہ نے سندس فاؤنڈیشن لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر موروثی خون کی بیماریوں میں مبتلا بچوں سے ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں تحائف بھی پیش کیے۔ انہوں نے علاج کی فراہمی، مریضوں کی دیکھ بھال اور فاؤنڈیشن کے مجموعی نظام کا تفصیلی جائزہ بھی لیا فاؤنڈیشن کی انتظامیہ نے معزز مہمان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پرمیڈیکل ڈائریکٹر سندس فاؤنڈیشن ڈاکٹر سعدنان گیلانی نے ادارے کے جدید علاج معالجے کے نظام، جدید ترین مشینری، مؤثر بلڈ مینجمنٹ سسٹم، جینیاتی اسکریننگ اور جاری ریسرچ پروگرامز کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سندس فاؤنڈیشن ہر ماہ ہزاروں مریضوں کو مفت خون اور عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرتی ہے اور پاکستان میں موروثی خون کی بیماریوں کی تشخیص، علاج اور آگاہی کے میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

اس موقع پر میٖڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راشد اقبال نصراللہ نے سندس فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا سندس فاؤنڈیشن حقیقی معنوں میں انسانیت کی خدمت کا روشن مینار ہے۔ یہاں علاج کی معیاری سہولیات، بچوں کی شاندار نگہداشت اور جدید طبی انتظامات دیکھ کر دل خوش ہوا۔ یہ ادارہ نہ صرف امید کی شمع ہے بلکہ ہمارے معاشرے کی اجتماعی بھلائی کا حقیقی مظہر بھی ہے۔ حکومت اور عوام دونوں کو ایسے اداروں کی بھرپور سرپرستی کرنی چاہیے۔ میں سندس فاؤنڈیشن کی انتھک خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں مشیرِ وزیرِاعلیٰ نے مزید کہا کہ سندس فاؤنڈیشن جیسے ادارے پاکستان میں صحت کے شعبے میں امید، جذبے اور پیشہ ورانہ خدمت کی بہترین مثال ہیں، جو ہزاروں خاندانوں کے لیے زندگی اور روشنی کا سہارا بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ وزیراعلی مرین نواز کے دل کے قریب ہے اور وہ بہت جلد سندس فاؤنڈیشن کا دورہ کرینگی اور بچوں سے ملاقات کرینگی.