راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے ڈیفنس روڈ اور اٹامک انرجی ہاؤسنگ سکیم راولپنڈی میں آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا اور ایک گھر کو سر بمہر کیا ۔ کمرشلائزیشن چارجز کی عدم ادائیگی پر غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ یہ آپریشنز پنجاب ڈیولپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2021 کے تحت کیا گیا۔ پراپرٹی مالکان نے تعمیرات کے لیے درکار منظوریوں اوراین او سی حاصل کیے بغیر ریگولیشنز کی خلاف ورزی کی تھی.
جس پر کارروائی کرتے ہوئے بھاری مشینری کا استعمال بھی کیا گیا۔ آر ڈی اے ترجمان کے مطابق ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول ونگ کو ہدایت کی ہے کہ بغیر کسی دباؤ یا سفا رش کے تمام تجاوزات اور غیر قانونی رہائشی و کمرشل سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بلڈنگ کنٹرول ونگ غیر قانونی تعمیرات، کمرشلائزیشن، تکمیلی نقشہ جات اور دیگر فیس و چارجز کے حوالے سے جامع سروے کرے اور آر ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریاز میں تمام غیر قانونی تعمیرات کو ریگولرائز کیا جائے۔ ڈی جی نے اس بات پر زور دیا کہ آر ڈی اے مناسب شہری منصوبہ بندی اور مؤثر ریگولیشن کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اتھارٹی کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی نقصان سے بچنے کے لیے ازخود تجاوزات کو ہٹا دیں۔ آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر لینڈ و انچارج انفورسمنٹ غضنفر علی اعوان نے کی، جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد داؤد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لطیف اللہ، بلڈنگ سپرنٹنڈنٹ فہد بھٹی، اور بلڈنگ سروئیر عامر محمود ملک سمیت آر ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے حصہ لیا۔



