آر ڈی اے کا بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں گرین بیلٹ پر غیر قانونی زیر تعمیر کمرشل عمارت مسمار، اٹک آئل پمپ سیل

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے بحریہ ٹاؤن فیز 8 راولپنڈی میں واقع گرین بیلٹ پر واقع اٹک آئل پمپ کے ساتھ موجود غیر قانونی زیر تعمیر کمر شل عمارت کے خلاف آپریشن کرتے ہوے مسمار کر دیا۔ اسکواڈ نے پیٹرول پمپ اور اس سے ملحقہ دکان کو بھی سر بمہر کر دیا۔ یہ کارروائی گرین بیلٹس اور محفوظ عوامی اراضی پر بڑھتی ہوئی غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے تدارک کے لیے کی گئی، جو عوامی استعمال اور ماحول کے تحفظ کے لیے مختص ہیں۔

کارروائی پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ و زوننگ ریگولیشنز 2021 کے تحت کی گئی۔ پراپرٹی کے مالک شاہد لئیق نے عمارت کی تعمیر کے لیے مطلوبہ منظوریوں اور این او سی کے بغیر تعمیرات شروع کرکے قوانین کی خلاف ورزی کی تھی۔ غیر قانونی ڈھانچے گرانے کے لیے بھاری مشینری استعمال کی گئی۔ آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول ونگ کو تمام تجاوزات اور غیر قانونی رہائشی و تجارتی سرگرمیوں کے خلاف بلا خوف و خطر سخت کارروائی کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے بلڈنگ کنٹرول وِنگ کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی عمارتوں کی فیسوں، کمرشلائزیشن، تکمیلی نقشوں اور منظوریوں سے متعلق جامع سروے کیا جائے اور آر ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریاز میں موجود تمام غیر قانونی رہائشی و تجارتی عمارتوں کو قواعد کے مطابق ریگولرائز کیا جائے۔ ڈی جی نے اس بات پر زور دیا کہ آر ڈی اے مناسب شہری ترقی اور موثر ریگولیشن کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، اتھارٹی کے ساتھ تعاون کریں اور مستقبل میں کسی نقصان سے بچنے کے لیے تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کریں۔ یہ کارروائی بلڈنگ سپرنٹنڈنٹ فہد بھٹی، بلڈنگ سروئیر عامر محمود ملک اور آر ڈی اے انفورسمنٹ اسٹاف نے پولیس اسٹیشن روات کی پولیس کی معاونت سے انجام دی۔ آر ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ عوامی اراضی کے تحفظ اور شہر کے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔