اسلام آباد(سی این پی) مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان کا اسلامی مقاومت اور علماء کی ذمہ داریوں کے موضوع پر اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت نائب صدر مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان علامہ اقبال حسین بہشتی نے کی اور کہا کہ ہم سب کی بحیثیت کلمہ گو یہ اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں صدائے احتجاج بلند کریں اور غاصب اسرائیل کی درندگی اور سفاکیت کو دنیا کے سامنے عیاں کریں، اس موقع پر علامہ اصغر عسکری نے علمائے کرام کو 12 نومبر آزادی فلسطین مارچ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تیس روز سے جاری غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں میں ہزاروں کی تعداد میں معصوم بچے اور خواتین شہید ہو چکے ہیں لیکن امت مسلمہ بالخصوص عرب ممالک اردن، عرب امارات، ترکی اور مصر نے بے حسی کی انتہاء کر دی ہے اور غاصب صہیونی ریاست کے تمام تر غیر انسانی اور جنگی جرائم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے اس دینی غیرت و حمیت سے عاری رویے کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے، اجلاس میں شریک تمام علمائے کرام کی جانب سے آزادی فلسطین مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے بھرہور کوششوں اور عزم کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں راولپنڈی اسلام آباد کے آئمہ جمعہ والجماعت اور علمائے کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔