اسلام آباد ۔چئیرمین یوتھ ایمپاورمنٹ سالیڈیرٹی (یس پاکستان)سید سادات حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے زیرو مارک اپ پر 36 ارب روپے کے وزیراعلی پنجاب آسان کاروبار فائنانس سکیم اور 48 ارب روپے سے وزیراعلی پنجاب آسان کاروبار کارڈ کے منصوبوں کا خیر مقدم کرتے ہیں،دونوں منصوبوں سے پنجاب کے عوام بالخصوص نوجوانوں کو اپنے کاروبار قائم کرنے میں بے حد مدد ملے گی اور اس سے پنجاب میں معاشی استحکام حاصل ہوگا ۔یس پاکستان کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کو دونوں پروگراموں کی افادیت اور حصول قرضہ کے طریقہ کار سے اگاہ کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ وہ لوگ جو بے روزگار ہیں اور ملازمت کے متلاشی ہیں وہ بلا سودی قرضے حاصل کر کے اپنے کاروبار قائم کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ان دونوں پروگراموں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور انتہائی آسان شرائط پر قرض حاصل کر کے اسٹارٹ اپ کے طور پر چھوٹے کاروبار شروع کریں اور اپنے کاروبار میں اضافے کو یقینی بنائیں۔مرد خواتین خواجہ سرا اور خصوصی افراد بلا تخصیص یہ قرضے حاصل کر سکتے ہیں بالخصوص خواتین اپنے روزگار قائم کر کے اپنے خاندانوں کے معاشی کفالت میں مدد دے سکتی ہیں اور اپنا کیریئر بنا سکتی ہیں۔
