اسلام آباد (نیوز رپورٹر)منہاج ویلفیئرفاؤنڈیشن کے زیراہتمام اٹھارہ نادار بیٹیوں کی باعزت رخصتی کردی گئی،تقریب میں اہم سیاسی،سماجی شخصیات سمیت دولہے اور دلہنوں کے خاندان کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی،ہر جوڑے کو پانچ پانچ لاکھ کا جہیز دیا گیاجس میں فرنیچر،برتن،بستر،کپڑے،جیولری،پنکھے،میٹرس،سمارٹ ٹی وی اوردیگر اشیاء شامل تھیں۔تفصیلات کے مطابق منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن راولپنڈی،گجر خان اور اسلام آبادکے زیر اہتمام 18غریب گھرانوں کی بچیوں کی شادیوں کی پروقار تقریب گزشتہ روز ایکسپریس وے پر واقع ایک مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی، شادی ہال اور گرد ونواح کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، باراتوں کاپر تپاک استقبال کیاگیا،منہاج یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوانوں نے دولہوں جبکہ منہاج ویمن لیگ کی عہدیداروں نے دلہنوں پر گل پاشی کی،ہر جوڑے کو پانچ پانچ لاکھ کا جہیز دیا گیاجس میں ضروریات زندگی کی تمام اشیاء شامل تھیں۔تقریب کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ ہمارے معاشرے میں بیٹی کی شادی جو کہ ایک مقدس فریضہ ہے،بڑھتی غربت کے باعث والدین کیلئے بوجھ بن چکی ہے.
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی تنظیمات سالہاسا ل سے پاکستان کے مختلف شہروں لاہور،راولپنڈی،اسلام آباد،گوجر خان،واہ کینٹ،گجرات،وادی سون سکیسر،ناروال،خانیوال،شیخو پورہ،ڈیرہ اسماعیل خان سمیت بہت سے دیگر شہروں میں بھی اجتماعی شادیوں کا انعقاد کر رہی ہیں،ان کاتقریبات کا مقصد ان نادار بچیوں کی مدد کرنا ہے جن کے والدین جہیز کا انتظام نہیں کر سکتے، اب تک ہزاروں گھر بسا چکے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کسی والد کو بیٹی بوجھ نہ لگے،منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کے علاوہ ترکی،شام،برما اور افریقہ کے پسماندہ ممامک تک مصروف عمل ہے،انہوں نے انتہائی خوبصورت تقریب کے انعقاد پرراولپنڈی،گجر خان اور اسلام آباد کے عہدیداروں اور 22 انتظامی کمیٹیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ محترم رفیق نجم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کو یکجا کر کے محروموں تک پہچانا نبوی طریق ہے، اسلام اور مفلسی اکھٹے نہیں رہ سکتے،اسلام کا نظام مواخات معاشرے سے غربت کے خاتمے کی ضمانت فراہم کرتا ہے،مادیت زدہ نظام تعلیم نے ہمیں مخلوق پر خرچ کرنے سے روک دیا۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹرز انجینئر ثناء اللہ اور اشتیاق حنیف مغل نے شرکاء کو بتایا کہ ہم نادار بچیوں کی شادیوں کے علاوہ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر، تھر میں صاف پانی کی فراہمی، موبائل میڈیکل کیمپس، غریب مگر ذہین بچوں کی تعلیمی وظائف، بیوہ خواتین کی ماہانہ مالی امداد، فوڈ ڈسٹریبیوشن، رعائتی دستر خوان جیسے منصوبہ جات چلا رہے ہیں، جس کیلئے ہم اپنے تمام ڈونرز کے بے حد مشکور ہیں۔ مہمانانخصوصی نے شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑوں کو تحائف اور سلامیاں پیش کئے۔ تقریب میں معروف سماجی شخصیات جسٹس ریٹائرڈ صغیر احمد قادری،صدارتی ایواڈ یافتہ مرکزی صدرآل پاکستان اخبار فروش یونین ٹکا خان،پی ایف یو جے (ورکرز)کی مرکزی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال،کنٹری ہیڈمسلم ہینڈزسید جاوید گیلانی،نائب ناظم اعلی منہاج القرآن انٹرنیشنل احمد نواز انجم،صدر تحریک راولپنڈی ڈویژن کرنل ریٹائرڈ خالد جاوید،صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ریاست علی قادری،سماجی راہنماء فخر زمان عادل،معروف ماہر تعلیم سعدیہ حسین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمائندہ شخصیات شامل تھیں،مہمانوں کی تواضع پر تکلف ظہرانے سے کی گئی،تقریب کے آخر میں منہاج ویمن لیگ راولپنڈی اور اسلام آباد کی عہدیداران نے تمام دلہنوں کو اپنی بہنوں کی طرح نیک دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا، اس موقع پر جوڑوں کے والدین نے عظیم فرض کی ادائیگی میں مدد کرنے پر ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے کارکنوں کو ڈھیروں دعاؤں سے نوازا۔