ٹرین ہائی جیکنگ پاکستان دشمنوں کا قومی سلامتی پر بہت بڑا حملہ ہے،حامد نواز راجہ

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)سابق تحصیل ناظم راولپنڈی و سابق چیئرمین راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی(RDA)حامد نواز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کا گریٹ پلان امریکا، اسرائیل و بھارتی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف سے مطالبہ ہے کہ تمام حکومتوں کو سکیورٹی فورسز کے ساتھ ایک پیج پر لائیں، ٹرین ہائی جیکنگ پاکستان دشمنوں کا قومی سلامتی پر بہت بڑا حملہ ہے۔

بلوچستان میں پاکستان ریلوے کی جعفر ایکسپریس ٹرین پر دہشت گرد حملے، ٹرین ہائی جیکنگ، بیگناہ مسافروں کے قتل اور اغوا کی شدید مذمت کرتے ہوئے حامد نواز راجہ نے کہا کہ یہ پاکستان دشمنوں کا قومی سلامتی پر بہت بڑا حملہ ہے۔ قومی تعصبات پر مبنی گروہوں کے غصہ اور ردعمل کو دشمن استعمال کررہا ہے.

جس سے عام آدمی کی جان، مال، عزت اور سفر کے لیے شاہراہوں اور ریل کا سفر غیرمحفوظ بنادیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت خطہ میں پائیدار امن کے لیے افغانستان اور ایران سے تعلقات کو مضبوط اور بااعتماد بنائے۔ خطہ میں بڑھتے ہوئے امریکی مداخلت کے خطرات سب کے لیے تباہ کن ہیں۔