چئیر مین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا بارہواں اجلاس منعقد ۔

اسلام آباد(سٹی رپورٹر ) چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا بارہواں اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کےممبران، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی.

سی ڈی اے بورڈ کے بارہویں اجلاس میں مختلف ایجنڈا آئٹمز زیر غور لائے گئے جن کی تفصیل درج زیل ہے۔

سی ڈی اے بورڈ کے بارہویں اجلاس میں اسلام آباد میں سی ڈی اے کی حدود میں واقع شہری پراپرٹیز، اسلام آباد کیپیٹل ٹریٹری (ICT) کی حدود میں واقع دیہی پراپرٹیز، ہاؤسنگ سوسائٹیز اور دیگر جائیدادوں پر عائد ٹرانسفر فیس، رجسٹری فیس، اسٹیمپ ڈیوٹی کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملہ پر قانون کے تمام تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارشات تیار کی جائیں ۔

اجلاس میں پی ڈبلیو ڈی سے سی ڈی اے کو ٹراسفر ہونے والے مینٹنس سٹاف کو سی ڈی اے میں ایڈجسٹ کرنے کیلئے اسٹبلیشمنٹ ڈویژن اور کابینہ ڈویژن سے قانون کے مطابق رہنمائی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں سی ڈی اے کے زیر انتظام ایف نائن پارک میں گندھارا ہئیرٹیج اینڈ کلچرل سینٹر کو جلد از جلد فعال اور آپریشنل بنانے کیلئے ایک جامع فزیبلٹی پلان کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس منصوبہ سے حاصل ہونے والی آمدنی اسلام آباد کے شہریوں کی فلاح و بہبود اور انکو بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ شہر کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی پر خرچ کی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں دائر رٹ پٹیشن نمبر 2214/2022 بعنوان “حسن بانو بمقابلہ ایف جی ای ایچ اے وغیرہ” (پلاٹ نمبر 676D-12/2 کیلئے این او سی کے اجراء کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سیکٹر ایچ ایٹ میں موتمر العالم الاسلامی کو الاٹ کردہ پلاٹ کی واپسی کی درخواست کی منظوری دی گئی یہ امر قابل زکر ہے کہ متعلقہ پلاٹ کی واپسی کی صورت میں سی ڈی اے جو رقم موتمر العالم الاسلامی کو واپس کرے گا واپس کردہ پلاٹ کی مالیت اس سے کہیں زیادہ ہے۔

سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں آئی ٹین تھری، پلاٹ نمبر 39، اسلام آباد کے بدلے میں متبادل پلاٹ دینے کی منظوری دی گئی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کی ترقی، خوشحالی، خوبصورتی اور اسے ایک مثالی شہر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے۔ تاکہ عوام کی رہائشی، سفری اور تفریحی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد مل سکے۔