اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) اسلام آباد میں کسٹم کی بڑی کارروائی کروڑوں کے غیر ملکی ٹائر برآمداسلام آباد: کلیکٹر کسٹم اسلام آباد کی خصوصی ہدایت پر اینٹی سمگلنگ اسکواڈ نے دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے غیر ملکی سمگل شدہ ٹائروں کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔تفصیلات کے مطابق کسٹم کے عملے نے شہر کے معروف تجارتی علاقوں، بلو ایریا اور جی-سکس میں واقع ٹائروں کی متعدد دکانوں پر چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران دکانوں سے درجنوں برانڈز کے غیر ملکی ٹائر برآمد ہوئے جنہیں بغیر ڈیوٹی ادا کیے سمگلنگ کے ذریعے ملک میں لایا گیا تھا۔ابتدائی اندازوں کے مطابق برآمد ہونے والے ٹائروں کی مالیت کروڑوں روپے میں ہے۔ کسٹم حکام کے مطابق سمگل شدہ سامان ضبط کر لیا گیا ہے جبکہ ملوث تاجروں کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔کلیکٹر کسٹم اسلام آباد کا کہنا ہے کہ سمگلنگ ملکی معیشت کے لیے زہر قاتل ہے، اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ ان کے مطابق آئندہ دنوں میں شہر کے دیگر علاقوں میں بھی چیکنگ مزید سخت کی جائے گی تاکہ غیر قانونی تجارت کو روکا جا سکے۔عوامی و تجارتی حلقوں نے کسٹم کی اس کارروائی کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے غیر قانونی درآمدات میں نمایاں کمی آئے گی۔




