اسلام آباد(سٹی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واپڈا ٹاؤن کے الیکشن میں صدر کے امیدوار ملک طارق حسین کو ڈپٹی رجسٹرار کواپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز نے نااہل قرار دیتے ہوئے ان کا نام امیدواروں کی فہرست سے خارج کرنے کا حکم دے دیا ہے، سرکاری فیصلے کے مطابق امیدوار پر جمع کرائی گئی دستاویزات میں مبینہ غلط بیانی، جعلی منٹس اور بیک وقت دو کواپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں عہدہ رکھنے کے الزامات ثابت ہونے پر کارروائی کی گئی۔
ڈپٹی رجسٹرار کے روبرو واپڈا ٹاؤن کے ممبر محمد انور ولد اسلم خان کی جانب سے دائر اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملک طارق حسین اس وقت میڈیا ٹاؤن کواپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی راولپنڈی کے نائب صدر بھی ہیں، جس کے باعث وہ اسلام آباد کواپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز الیکشن رولز 2019 کے رول P2/3 کے تحت واپڈا ایمپلائیز کواپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے الیکشن لڑنے کے اہل نہیں رہتے، قانون کے مطابق کوئی بھی شخص ایک ہی وقت میں دو کوآپریٹو سوسائٹیوں کا ممبر یا عہدے دار نہیں ہو سکتا۔
کارروائی کے دوران ملک طارق حسین کی جانب سے میڈیا ٹاؤن میں جمع کرایا گیا استعفیٰ پیش کیا گیا، تاہم تصدیق پر یہ منٹس مبینہ طور پر غیرتصدیق شدہ نکلے۔ رپورٹ کے مطابق نہ تو یہ منٹس نوٹیفائیڈ تھے اور نہ ہی اسسٹنٹ رجسٹرار راولپنڈی نے ان کی توثیق کی، جس کے باعث استعفیٰ کو درست اور قابل قبول ثبوت کے طور پر تسلیم نہیں کیا گیا۔
اپیل کنندہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے اس معاملے میں مناسب جانچ پڑتال نہیں کی اور درخواست گزار کی جانب سے جمع کرائے گئے دستاویزات کو نظر انداز کیا گیا۔ تاہم ڈپٹی رجسٹرار نے تفصیلی سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے ملک طارق حسین کے خلاف اعتراضات منظور کر لیے اور ان کی نااہلی کا حکم جاری کر دیا،ڈپٹی رجسٹرار کی جانب سے جاری کردہ آرڈر میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ واپڈا ایمپلائیز کواپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے الیکشن 17 اکتوبر 2025 کے ضابطوں کے مطابق دیا گیا ہے،اس فیصلے کے بعد ملک طارق حسین واپڈا ٹاؤن کے صدر کے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔



