ڈیجیٹل اسلام آباد وژن کے مطابق ای۔اسٹامپ پیپر کے نظام کے نفاذ کے حوالے سے اہم پیشرفت

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ڈیجیٹل اسلام آباد وژن کے مطابق ای۔اسٹامپ پیپر کے نظام کے نفاذ کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی تفصیلات کے مطابق، پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (پی ایل آر اے) اور آئی سی ٹی انتظامیہ کے درمیان معاہدے کے تحت ای-اسٹامپ پیپر کے اجراء کے حوالے سے کئی مراحل مکمل کرلئے گئے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی راندھاوا کی ہدایت پر ای۔اسٹامپ پیپر کے نظام کو ون لنک کے ساتھ منسلک کرلیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ای۔اسٹامپ پیپر کے نظام کو ون لنک سے منسلک کرنے کیلئے باضابطہ اجازت بھی دے دی ہے اس ضمن میں پی ایل آر اے نے آئی سی ٹی انتظامیہ کیساتھ ای-سٹیمپ کا ڈیزائن سیمپل بھی شیئر کر دیا ہے۔ اگلے مرحلہ میں پی ایل آر اے آئی سی ٹی کے 24 موضع جات کے ڈیجیٹائزڈ لینڈ ریکارڈ کے حوالے سے ای-سٹیمپ نظام کے ٹیسٹنگ فیز کا آغاز کر رہا ہے۔ ٹیسٹنگ فیز کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ای-سٹیمپ پیپر کا مکمل نظام جلد لانچ کر دیا جائے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ڈیجیٹل اسلام آباد وژن کے مطابق ای-اسٹیمپ پیپر کے نظام سے اسلام آباد شہر میں کیش لیس اکانومی کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح شہریوں کو لین دین، پراپرٹیز کے ٹرانسفر، انتقال، خرید و فروخت وغیرہ کے سلسلہ میں آسانی ہوگی چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ای-گورننس ماڈل کو اپنانا اور سروس ڈیلیوری میں مزید بہتری لانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو بہتر سے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں