نئی دہلی ۔بھارت کے معروف سابق اداکار اور فلموں ”اسٹائل“ اور ”ایکسکیوزمی“ سے شہرت حاصل کرنے والے ساحل خان نے 48 سال کی عمر میں دوسری شادی کرلی ہے۔
ساحل خان نے ویلنٹائن ڈے کے موقع پر دبئی میں 22 سالہ میلینا الیگزینڈر سے شادی کی اور اس کے بعد اپنے انسٹاگرام اکاو¿نٹ پر چند تصاویر شیئر کیں۔
میلینا الیگزینڈر، جو ساحل خان سے 26 سال کم عمر ہیں، کے ساتھ جوڑے کی عمر کے فرق پر سوشل میڈیا صارفین نے کئی مذاق کیے، تاہم ”اسٹائل“ کے اداکار نے شادی کے بعد ایک انٹرویو میں اس فرق کا بھرپور دفاع کیا۔
ساحل خان نے کہا، ”محبت کا تعلق عمر سے نہیں ہوتا اور ہماری کہانی اس بات کو ثابت کرتی ہے۔ میلینا کے خیالات بھی محبت، تعلق، سمجھ اور زندگی کے ہر مرحلے کے بارے میں میرے جیسے ہی ہیں۔ جب میں نے میلینا کو پہلی بار دیکھا، وہ صرف 21 سال کی تھی اور فوراً اس کی طرف کھچاو¿ محسوس کیا۔ مجھے یقین ہے کہ یہ احساس دونوں طرف تھا۔“
ساحل خان نے مزید کہا، ”اس کی عمر کے باوجود، وہ ذہنی طور پر پختہ، واضح سوچ رکھنے والی اور زندگی کے بارے میں گہری سمجھ رکھتی تھی۔ ہم نے اپنے مستقبل پر سنجیدہ بات چیت کی، جس نے ہمیں اگلا قدم اٹھانے پر راغب کیا۔ اپنے خاندانوں کو ایک دوسرے سے ملوایا، پھر ہم نے منگنی کی اور اب ہم شادی شدہ ہیں۔“
یاد رہے کہ میلینا ساحل خان کی دوسری بیوی ہیں۔ اس سے پہلے ساحل خان کی شادی نارویجن اداکارہ اور ماڈل نگار خان سے ہوئی تھی، لیکن ان کی شادی صرف ایک سال میں ختم ہوگئی تھی۔