ملائکہ اروڑہ کا پراسرار ساتھی کون؟ بار بار کی مشترکہ موجودگی نے نئی افواہوں کو ہوا دے دی

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ ماڈل و اداکارہ ملائکہ اروڑہ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں، مگر اس بار وجہ کوئی فیشن شو یا گلیمرس فوٹو شوٹ نہیں، بلکہ وہ پراسرار شخص ہے جو حالیہ دنوں میں بار بار ان کے ہمراہ دیکھا جا رہا ہے ، ملائکہ اروڑہ پہلی بار اس وقت سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بنیں جب 29 اکتوبر 2025 کو ممبئی میں ایک کنسرٹ کے دوران انہیں ایک نامعلوم شخص کے ساتھ بار بار گفتگو کرتے اور تقریب کے اختتام پر ساتھ باہر نکلتے دیکھا گیا۔ چند ہی گھنٹوں میں یہ مناظر وائرل ہو گئے اور مداحوں نے اس شخص کی شناخت جاننے کی کوشش شروع کر دی بعدازاں بھارتی میڈیا اور انسٹاگرام پوسٹس کے مطابق اس شخص کی شناخت 33 سالہ ہرش مہتا کے طور پر ہوئی، جو پیشے کے اعتبار سے ہیروں کے تاجر بتائے جاتے ہیں۔ اگرچہ ہرش مہتا زیادہ تر عوامی زندگی سے دور رہتے ہیں، لیکن مداحوں کی ایک بڑی تعداد کا خیال ہے کہ وہ ممکنہ طور پر ملائکہ کے بزنس مینیجر بھی ہو سکتے ہیں۔

تعلقات کی افواہوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب 26 نومبر 2025 کو ملائکہ اروڑہ اور ہرش مہتا کو ممبئی ایئرپورٹ پر ایک ساتھ دیکھا گیا۔ دونوں اگرچہ الگ الگ چل رہے تھے، مگر پاپرازی کیمروں نے ہرش کو ملائکہ کے فوراً بعد ٹرمینل سے باہر آتے ہوئے قید کرلیا۔ ہرش نے ایک بار پھر ماسک پہن کر اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کی، لیکن کچھ ہی دیر بعد دونوں ایک ہی گاڑی میں روانہ ہوتے دکھائی دیے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں مزید تیز ہو گئیں یہ تمام صورتحال اس وقت سامنے آئی ہے جب ملائکہ اروڑہ ارجن کپور سے علیحدگی کے بعد اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے کم ہی بات کرتی ہیں۔ یاد رہے کہ دونوں 2018 سے ایک دوسرے کے قریب تھے، جب کہ ارجن کپور نے 2024 میں دیوالی کی تقریب کے دوران اپنی سنگل حیثیت کی تصدیق کی تھی دوسری جانب، ملائکہ اروڑہ اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں بدستور سرگرم ہیں۔ وہ اس وقت ’انڈیاز گوٹ ٹیلنٹ‘ کے نئے سیزن میں نوجوت سنگھ سدھو اور گلوکار شان کے ساتھ جج کی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ ’پچ ٹو گیٹ رِچ‘ نامی شو میں بھی جج ہیں، جسے 20 اکتوبر 2025 کو جیوہاٹ اسٹار پر نشر کیا گیا۔ اس شو میں کرن جوہر، اکشے کمار اور منیش ملہوترا سمیت کئی بڑی شخصیات شریک ہیں سوشل میڈیا پر مداحوں کی رائے تقسیم ہے—کچھ لوگ ہرش مہتا کی کیمروں سے بچنے کی کوشش کو دلچسپ قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ ملائکہ کے ممکنہ نئے تعلق کو مثبت انداز میں دیکھ رہے ہیں۔ البتہ دونوں کی جانب سے کسی بھی قسم کا باضابطہ بیان سامنے نہ آنے سے یہ معاملہ مزید پراسرار بن چکا ہے۔