کراچی(ویب ڈیسک )صحافی نعیم حنیف نے اداکارہ صبا قمر کے خلاف مبینہ طور پر دیے گئے بدنام کن بیانات پر عوامی سطح پر معافی مانگ لی ہےیہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب صبا قمر کی جانب سے صحافی کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس ارسال کیا گیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان کے خلاف توہین آمیز، ہتک آمیز اور کردار کشی پر مبنی الزامات عائد کیے گئے تفصیلات کے مطابق یہ معافی منگل کے روز بشریٰ خان کی میزبانی میں نشر ہونے والے ایک پوڈکاسٹ کے دوران سامنے آئی، جو بعد ازاں یوٹیوب پر شائع کیا گیا۔ پوڈکاسٹ میں نعیم حنیف کو صبا قمر سے متعلق اپنے بیان پر وضاحت پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔

پوڈکاسٹ کے دوران صحافی نے اعتراف کیا کہ 3 نومبر کو ان کے چینل پر صبا قمر سے متعلق ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی تھی، جس میں انہوں نے غلط طور پر یہ دعویٰ کیا کہ اداکارہ لاہور میں کسی شخص کے ساتھ لیو اِن ریلیشن شپ میں رہ رہی ہیں۔ بعد ازاں خبر کی تصدیق پر انہیں معلوم ہوا کہ یہ دعویٰ بے بنیاد اور حقائق کے خلاف تھا نعیم حنیف نے تسلیم کیا کہ ان کے بیان سے اداکارہ کے جذبات مجروح ہوئے اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا، جس پر انہوں نے دل سے معذرت کی ان بیانات کے بعد صبا قمر نے صحافی کو قانونی نوٹس بھجوایا اور اس کے اسکرین شاٹس اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر بھی شیئر کیے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسے صحافی کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے جس نے ان کے بارے میں جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پھیلائے۔

قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ صحافی کے بیانات نہ صرف صحافتی اخلاقیات کی خلاف ورزی ہیں بلکہ صنفی تعصب اور رجعت پسند سوچ کو بھی فروغ دیتے ہیں، جہاں خواتین کی کامیابی کو ان کی محنت کے بجائے ذاتی تعلقات سے جوڑا جاتا ہے ، اداکارہ صبا قمر نے معافی پر ردِعمل دیتے ہوئے پوڈکاسٹ کا اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا اور واضح کیا کہ جھوٹے الزامات کے خلاف قانونی کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے شوبز انڈسٹری اور عوام سے بھی اپیل کی کہ بدنامی اور بے ادبی کے خلاف آواز بلند کی جائے اور ایسے عناصر کو جواب دہ بنایا جائے ، بعد ازاں متنازع پوڈکاسٹ ویڈیو صحافی کے چینل سے ہٹا دی گئی۔





