ایشیا کپ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی،حارث پر 2 میچز کی پابندی، سوریا کمار یادیو پر جرمانہ

ممبئی (ویب ڈیسک )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے متحدہ عرب امارات میں ستمبر میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی مکمل کرلی ہے آئی سی سی کے مطابق پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ اور 2ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے ہیں۔ ایشیا کپ کے فائنل کے دوران دوبارہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر انہیں مزید 2 ڈی میرٹ پوائنٹس ملے، جس سے ان کے 24 ماہ کے اندر چار ڈی میرٹ پوائنٹس مکمل ہوگئے۔ نتیجتاً حارث رؤف کو دو میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو میچز (4 اور 6 نومبر) میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

آئی سی سی نے پاکستانی بلے باز صاحبزادہ فرحان کو بھی ضابطہ اخلاق کی معمولی خلاف ورزی پر آفیشل وارننگ جاری کی ہے بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو پر بھی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور انہیں 2 ڈی میرٹ پوائنٹس ملے ہیں۔ فائنل میچ میں بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے اپنی غلطی تسلیم کرلی تھی، جس پر انہیں آفیشل وارننگ اور 1 ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے دوسری جانب، بھارتی بولر ارشدیپ سنگھ کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار نہیں دیا گیا۔