پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کی نیلامی، حیدرآباد اور آٹھویں فرنچائز فروخت

اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں 2 نئی ٹیموں کی نیلامی کی تقریب اسلام آباد میں جاری ہے، پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم 175 اور آٹھویں ٹیم 185 کروڑ روپے میں فروخت ہوگئی،جناح کنوینشن سینٹر اسلام آباد میں ہونیوالی نیلامی کی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور وفاقی وزرا سمیت بڑی تعداد میں کھلاڑیوں اور حکام نے شرکت کی، تقریب کے آغاز میں نیلامی میں حصہ لینے والے 9 بڈرز اور 6 ممکنہ شہروں کا تعارف کرایا گیا، اس کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گھنٹی بجا کر نیلامی کھلنے کا باضابطہ اعلان کیا جبکہ وسیم اکرم نے آکشنر کی ذمہ داریاں سنبھالیں، نیلامی میں بیس پرائز 110 کروڑ روپے رکھا گیا تھا جس پر کم ازکم ایک کروڑ روپے کے اضافے کی شرط رکھی گئی تھی۔

ابتدائی نیلامی کے بعد ایف کے ایس نے 175 کروڑ روپے کی بولی لگا کر پی ایس ایل کی 7ویں ٹیم خرید لی جس کے بعد ٹیم کے لیے حیدرآباد کا نام چن لیا،قبل ازیں تقریب کے آغاز میں حالیہ ٹورنامنٹس میں کامیابیوں پر پاکستان شاہینز اور ہانگ کانگ سکسز کی ٹیمیوں کو انعامات سے نوازا گیا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے فاتح ٹیموں کو انعامات دیے،ہانگ کانگ سپر سکسز کی فاتح پاکستانی ٹیم کو ایک کروڑ 85 لاکھ روپے جبکہ رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کی فاتح ٹیم کو 9 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ لیگ کی ایک دہائی چیلنجز اور کامیابیوں پر مشتمل تھی، ہم اپنی بقا کی جنگ نہیں لڑ رہے بلکہ ترقی کر رہے ہیں،انہوں نے پی ایس ایل کی ٹیموں، کھلاڑیوں، اسپانسرز، فرنچائز اور شائقین کا شرکا ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل آج ان کی وجہ سے دنیا کے بہترین لیگس میں شامل ہے،واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026ء تک ہوگا، نئی ٹیموں کی شرکت سے پی ایس ایل ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھ کر 8 ہوجائے گی۔