اسلام آباد(سٹی رپورٹر)لوک ورثہ کا لوک میلہ اپنے پانچویں روز بھی رنگ، روشنی اور ثقافتی جوش و خروش سے بھرپور رہا جہاں دن بھر اور شام تک دو لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ فیسٹیول میں خاندانوں، سیاحوں، طلباء، ہنرمندوں اور ثقافت کے دلدادہ افراد نے مختلف سرگرمیوں، نمائشوں اور فنون لطیفہ کے مظاہروں سے لطف اٹھایا۔دن کا سب سے نمایاں پروگرام قوالی نائٹ تھا جو شام 7 بجے اوپن ایئر تھیٹر میں منعقد ہوئی۔
شرافت شیر علی خان قوال گروپ نے روح کو جھنجھوڑ دینے والی کلاسیکی قوالیاں، عقیدت بھرا کلام اور روایتی ہارمونیم و طبلہ سازیاں پیش کر کے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ ان کی اختتامی پیشکش پر سامعین نے کھڑے ہو کر داد دی جس نے اسے میلہ کی یادگار ترین شاموں میں شامل کر دیا۔تقریب کو سفارتی رنگ اس وقت ملا جب اسلام آباد میں ازبکستان کے سفیر علیشیرتختئیف نے لوک میلہ 2025 کا دورہ کیا انہوں نے پاکستان کے ثقافتی ورثے کی دل کھول کر تعریف کی، ہنرمندوں سے ملاقات کی، قوالی محفل سے لطف اندوز ہوئے اور لوک ورثہ کی جانب سے ثقافتی تنوع اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔زائرین نے مختلف دستکاری سٹالز کا بھی رخ کیا، جن میں مٹی کے برتن، کپڑا بافی، اجرک پرنٹنگ، کڑھائی، لاکھ کا کام، زیورات اور لکڑی کے فن پارے شامل تھے۔
پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے ثقافتی پویلین بھی روایتی سرگرمیوں اور لائیو مظاہروں سے بھرپور رہے۔میڈیا کوریج بھی بھرپور رہی، قوالی نائٹ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ٹرینڈ کرتی رہی اور بلاگرز، انفلوئنسرز اور مقامی چینلز نے اس کی وسیع پیمانے پر رپورٹنگ کی۔لوک میلہ 2025 روزانہ 16 نومبر 2025ء تک صبح 10:00 بجے سے رات 10:00 بجے تک لوک ورثہ شکرپڑیاں اسلام آباد میں جاری رہے گا۔



