اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)لوک ورثہ کے زیرِ اہتمام جاری لوک میلہ کے چھٹے دن گلگت بلتستان کی دلکش ثقافت، موسیقی، رقص اور دستکاری کے رنگوں نے شرکاء کو مسحور کر دیا۔ میلے میں عوام کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی جہاں دن بھر مختلف سرگرمیوں اور پروگراموں سے لطف اٹھایا۔اوپن ایئر تھیٹر میں منعقد ہونے والی گلگت بلتستان میوزیکل نائٹ نے شرکاء کے دل جیت لئے۔
پروگرام کی نظامت میر امان ہنزائی نے کی، جبکہ گلوکاروں میں شاہ زمان، صابر حیات، راجہ محمد علی شاہ، فیصل کریم، داؤد احمد، شان احمد اور شیان علی شاہ نے اپنی شاندار آوازوں سے سامعین کو محظوظ کیا۔ صابِر علی خان نے کی بورڈ پر اپنی دُھنوں سے نیا رنگ بھرا اور میر افضل نے ستار پر دل موہ لینے والی پیشکش دی۔ حاضرین نے پُرجوش تالیاں بجا کر فنکاروں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔گلگت بلتستان پویلین دن بھر عوام کی توجہ کا مرکز بنا رہا جہاں مقامی دستکاروں نے اون سے بنے ملبوسات، زیورات اور دیگر ہنرمندانہ مصنوعات کی نمائش کی۔
وزیٹرز نے مقامی کھانوں اور دستکاری کے مظاہروں کو بھی سراہا۔لوک ورثہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد وقاص سلیم نے عوامی شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوک میلہ پاکستان کی ثقافتی وحدت اور تنوع کی علامت ہے جہاں ہر خطہ اپنے رنگ، موسیقی اور روایت کے ذریعے ملک کے ثقافتی ورثے کو مضبوط کرتا ہے۔یہ میلہ روزانہ صبح 10 بجے تا رات 10 بجے 16 نومبر تک جاری رہے گا۔



