نیک نیتی سے کام کریں گے تو اللہ کریم عزت دے گا، آئی جی ڈاکٹر اکبر ناصر خان

آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی آپریشنز ڈویژن کے تمام افسران سے تعارفی میٹنگ۔تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے آپریشنز ڈویژن کے افسران سے تعارفی میٹنگ کی جس میں وہ تمام افسران سے ملے ۔ افسران سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ آپ کے ساتھ کام کرنا میرے لئے انتہائی فخر کی بات ہے ۔ آپ سب افسران پولیس کا اصل چہرہ ہیں جن کا ہر لمحے شہریوں سے براہ راست رابطہ ہوتا ہے ۔ تمام افسران جو بھی کام کریں قانون کے مطابق کریں ، اچھے طریقے سے اور نیک نیتی سے کام کریں گے تو اللہ کریم عزت دے گا۔

اسلام آباد پولیس پاکستان میں سب سے اچھی پولیس ہے اور پوری پاکستان کا چہرہ ہے ۔ سابقہ آئی جیز نے جو جو اچھے کام کئے ان کو جاری رکھیں گے ۔تمام افسران شہریوں کے لئے سہولیات پیدا کریں اور سب کے ساتھ برابری کا سلوک کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے لئے کنسٹیبل کی اتنی ہی عزت ہے جتنی ایک سینئر افسر کی اور جتنی میں اپنے لئے چاہتا ہوں اور برابری ایک ایسا قانون ہے جس سے معاشرہ آگے بڑھتا ہے ۔ قبضہ مافیا ، قحبہ خانوں، منشیات، بھکاریوں ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھا جائے اور ان برائیوں کو ہر صورت روکنا ہے ۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جلد تھانہ جات کا بھی وزٹ کروں گا اور اپنی فورس سے بھی ملوں گا۔ ہم سب ریاست اور لوگوں کے نمائندے ہیں اور وہی کام کریں گے جو لوگوں کے لئے فائدہ مند ہوگا۔ میرے لئے یہ بڑا دن ہے کہ میں ایک ادارے کی سربراہی کر رہا ہوں اس لئے آپ سب افسران جو اچھا کام کریں گے اس سے میرا سرفخر سے بلند ہوگا۔ اپنے شہداء، غازیوں ، ان کے اہلخانہ کا خاص خیال رکھیں ، خوش رہیں اور دوسروں کو بھی خوش رکھیں ۔ آخر میں ڈی آئی جی آپریشنز سہیل اختر چٹھہ نے افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ٹیم کے طور پرحوصلے اور ایمانداری سے کام کریں گے۔