پنجاب اسمبلی کا غیر معمولی نوعیت کا اجلاس آج ہو رہا ہے جس کے لیے اسمبلی کے اطراف سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ اسمبلی ملازمین کو بھی اسمبلی میں داخل نہیں ہونے دیا جا رہا۔
پنجاب پولیس نے مال روڈ کے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں اور ایوان وزیراعلیٰ اور ایوان اقبال سے پنجاب اسمبلی کی طرف جانے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ مال روڈ کی طرف سے اسمبلی کی جانب جانے والے راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد ایجنڈے میں شامل ہیں۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک انصاف اور اتحادی جماعت ق لیگ کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار کے متن میں کہا گیا تھا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی پر اس ایوان کی اکثریت کا اعتماد نہیں رہا۔
یاد رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی تاریخ تیسری مرتبہ تبدیل کر کے آج اجلاس بلانے کا اعلان کیا تھا۔