اسلام آباد(سی این پی)آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (اوجی ڈی سی ایل )نے سی ایس آر پروگرام کے تحت چک نورنگ میں قائم اپنی سی ایس آر ڈسپنسری میں تین روزہ فری سرجیکل آئی کیمپ قائم کیا، اس اقدام کے تحت اوجی ڈی سی ایل نے الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال کے تعاون سے چک نورنگ میں 18 تا 21 مئی 2022 کے دوران مختلف مقامات پر سکول سکریننگ کا انتظام بھی کیا۔
اس حوالے سے 19 مئی2022 کو اوجی ڈی سی ایل کی سی ایس آر ڈسپنسری چکوال میں شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ایف اینڈ پی )، چکوال جناب مجاہد عباس نے بطور مہمان خصوصی تین روزہ فری آئی کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اقبال خان فیلڈ منیجر، چک نورنگ اوجی ڈی سی ایل، کرنل طارق عثمان جنرل منیجر الشفاء آئی ٹرسٹ اور سینئر سی ایس آر آفیسر محمد شجاع الرحمان نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے نے آئی کیمپ کا دورہ کیا اور چند لمحے قبل لیزر سرجری کے عمل سے گزرنے والے مریضوں سے بات چیت کی جنھوں نے علاج پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اس کے بعد مہمان خصوصی نے الشفاء آئی ٹرسٹ کے ڈاکٹرز/ ماہرین کے زیرسرپرستی قائم کردہ آپریشن ٹھیٹر کا دورہ بھی کیا اور اس موقع پر جاری آپریشن کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ تین روزہ فری آئی کیمپ میں ہونے والی لیزر اور فیکو سرجریز کے علاوہ مریضوں کیلئے ادویات اور نظر و دھوپ کے چشموں کا سارا خرچ اوجی ڈی سی ایل برداشت کررہا ہے۔
دستیاب اعدادوشمار کے مطابق تین روزہ فری کیمپ کے دوران کل 897 مریضوں کو علاج کی سہولت دی گئی جبکہ 801 مریضوں کو ادویات، 695 کو چشمے بھی فراہم کیے گئے۔ کیمپ کے دوران 121 موتیا کے آپریشن کی سہولت کے علاوہ 1441 بچوں کی سکول میں سکریننگ بھی کی گئی، جہاں پر 166 کوویڈ ٹیسٹ، 133 لیب سکریننگ کے ساتھ 185خصوصی چشمے بھی ضرورت مند افراد کو مہیا کیے گئے۔ کیمپ کے دوران 50 مریضوں کو مزید علاج کے لیے الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال راولپنڈی میں ریفر کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مجاہد عباس نے چک نورنگ کے دہہاتی علاقے کے لیے سی ایس آر اقدام کے تحت اوجی ڈی سی ایل کی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں سراہا۔