اسلام آباد پولیس کے پانچ ڈی ایس پیز کو ایس پیز کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے سینئر افسران کے ہمراہ افسران کو ترقی کے رینک لگائے اور مبارکباد دی ۔تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی خصوصی دلچسپی کی بدولت اسلام آباد پولیس کے پانچ ڈی ایس پیز کو ایس پیز کو ایس پیز کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ترقی پانے والے افسران میں اقبال خان ، راجہ طاہر اقبال ، رخسار مہدی، فضل عباس شاہ اور چوہدری عابد شامل ہیں ۔
ان افسران کو رینک لگانے کے حوالے سے سنٹر ل پولیس آفس میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی جی اسلام آباد نے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز اویس احمد، اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر نوید عاطف اور اے آئی جی آپریشنز سید کرار حسین کے ہمراہ ترقی پانے والے افسران کو رینک لگائے ۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے ترقی پانے والے افسران کو مبارک باد دی اور افسران نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
آئی جی اسلام آباد نے ان افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔ آپ سب سے امید کرتا ہوں کہ آپ میرٹ، شفافیت، قانون کی بالادستی کو قائم رکھنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کویقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سپروائزری افسران کا اصل مقصد ریاست کی رٹ کو قائم کرنا، جرائم کا سدباب اور عوام الناس کے مسائل کو میرٹ اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے ۔
جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام افسران جرائم کے سدباب اور جدیدٹیکنالوجی کو بروئے کا ر لاتے ہوئے پولیس معاملات میں مزید بہتری لانے کے لئے افسران اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر افسران نے آئی جی اسلام آباد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ مزید محنت و لگن ، قانون کی حکمرانی ، میرٹ پالیسی اور شہریوں کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں گے ۔