الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کی خالی کردہ 20 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق پولنگ 17 جولائی کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 4 جون سے 7 جون تک جمع کروائے جاسکیں گے۔
ریٹرننگ افسران کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 جون تک کریں گے اور ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 15 جون تک دائر کروائی جاسکیں گی۔
الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹربیونل اپیلوں پر 21 جون تک فیصلہ کرے گا جبکہ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 22 جون کو آویزاں کی جائے گی۔
ای سی پی نے الیکشن کمیشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 اور آئین پاکستان کے آرٹیکل 224 کے سیکشن 102 کی شق 4 کے مطابق انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جن حلقوں میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیا گیا ہے ان میں لاہور کے 4، جھنگ، لودھراں اور مظفر گڑھ کے2، 2، راولپنڈی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، شیخوپورہ، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان کا ایک، ایک حلقہ شامل ہے۔
- خیال رہے الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الہٰی کے بجائے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت میں ووٹ دینے والے 25 منحرف اراکین کی صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹی فکیشن 23 مئی کو جاری کیا تھا۔