چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کو نئے انتخابات کا اعلان کرنے اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کے لیے 6 روز کا الٹی میٹم دے دیا۔
جناح ایونیو اسلام آباد پر لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 30 گھنٹوں میں کنٹینر پر پشاور سے یہاں پہنچا ہوں، راستے میں آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا آزادی کی تحریک کو ناکام بنانے کے لیے ہر قسم کا طریقہ استعمال کیا گیا لیکن 30 گھنٹے میں دیکھا کہ قوم غلامی کے خوف سے آزاد ہو گئی ہے، جس طرح آزادی کی تحریک کے شرکاء نے آنسو گیس شیلنگ کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔
عمران خان نے کہا کہ کیا جمہوریت میں اس طرح کے طریقے اپنائے جاتے ہیں، ایک ساتھی کو اٹک میں اور ایک کو دریائے راوی میں گرا کر شہید کیا گیا، 3 لوگوں کو کراچی میں شہید کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، ہمارے ہزاروں کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خوف دلایا جاتا ہے کہ بھیک نہ مانگی اور قرضے نہ ملے تو ملک نہیں چلے گا، قوم کسی صورت امریکی سارش کے تحت امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرے گی۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم نے اعلان کیا تھا کہ الیکشن کے اعلان تک اسلام آباد میں بیٹھیں گے لیکن گزشتہ 24 گھنٹوں میں دیکھا کہ یہ لوگ ملک کو انتشار کی جانب لے کر جا رہے ہیں، یہ لوگ فوج اور پولیس سے ہماری لڑائی کروانا چاہتے ہیں لیکن یہ پولیس بھی ہماری ہے اور عوام بھی ہماری ہے، ہم ملک کو تقسیم کرنے نہیں آئے بلکہ قوم کو بنانے کے لیے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو 6 روز دے رہا ہوں، اسمبلیاں تحلیل کی جائیں اور جون میں الیکشن کا اعلان کیا جائے ورنہ پوری قوم کو ساتھ لیکر دوبارہ اسلام آباد آؤں گا۔