چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے متعلق بزنس ٹائیکون ملک ریاض کی سابق صدر آصف علی زرداری سے گفتگو کی مبینہ آڈیو پر وزیراعظم شہباز شریف کا بیان میں سامنے آ گیا ہے۔سامنے آنے والی مبینہ آڈیو میں ملک ریاض کے ’السلام علیکم سر‘ اور آصف زرداری کے ’وعلیکم اسلام، خیریت ‘ سے گفتگو کا آغاز ہوا۔
ملک ریاض نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ سر بس بتانا تھا، میں نے پہلے بھی آپ کو بتایا تھا، باتیں آپ سے کرنی ہیں، آپ نے کہا تھا بات نہیں کریں گے۔پراپرٹی ٹائیکون نے آصف علی زرداری سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ ’آپ کو انفارمیشن دینی تھی، خان کے پیغامات آرہے ہیں کہ مصالحت کروادیں‘۔
ملک ریاض نے یہ بھی کہا کہ ’آج تو اُس نے مجھے بہت ہی مسیجز کیے ہیں کہ پیچ اپ کروادیں‘۔ پی پی کے شریک چیئرمین نے جواب دیا کہ اب امپاسیبل ہے نہ۔اس پر ملک ریاض نے آخری جملہ یہ کہتے سنائی دے رہے ہیں کہ ’ نہیں ٹھیک ہے، بس آپ کے سامنے بات رکھ دی‘۔
اس حوالے سے شہباز گل کا بیان بھی سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مبینہ آڈیو میں عمران خان سے منسوب جملوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
اب اس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سوشل میڈیا پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سامنے آنے والی آڈیو ٹیپ نے عمران خان کی منافقت اور دہرے معیار کو بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے دعوؤں کے برعکس عمران خان خود کو اور اپنی حکومت کو بچانے کے لیے این آر او مانگتا رہا، تمام تر کوششیں ناکام ہونے کے بعد غیر ملکی سازش کا جھوٹا بیانیہ بنایا گیا، اس کے تمام جھوٹ بے نقاب ہو گئے۔