وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترک کمپنیوں کے ساتھ پاکستان میں برے رویے پرمعذرت کرتا ہوں۔وزیراعظم نے ترکی پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورترکی کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، طیب اردوان ایک ویژنری لیڈرہیں، ترکی نے طیب اردوان کی قیادت میں زبردست ترقی کی ہے، آج ترکی کی برآمدات270ارب ڈالرسے بڑھ گئی ہیں، ترکی نے زندگی کے ہرشعبے میں بے پناہ ترقی کی ہے۔ پاکستان اورترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، ترک قوم کبھی اپنے دوستوں کونہیں بھولتی۔ ترکی نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ ترکی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اورتجارت کوبڑھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترک کمپنیوں کے ساتھ پاکستان میں برے رویئے پرمعذرت کرتا ہوں، پاکستان اورترکی کی دوستی لازوال ہے، جب وزیراعلیٰ پنجاب تھا ترک کمپنیوں کے ساتھ شفاف طریقے سے معاہدے کیے گئے تھے۔ کسی سیاسی بلیم گیم میں نہیں پڑنا چاہتا، گارنٹی دیتا ہوں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ہرممکن سہولیات دیں گے، ترک سرمایہ کاروں کا پاکستان میں خیرمقدم کریں گے، ترک سرمایہ کاروں کا ریڈ کارپٹ استقبال کریں گے، ترک سرمایہ کارپاکستان کواپنا دوسرا گھرسمجھیں، ترکی کا دشمن پاکستان کا دشمن ہوگا۔ ترک سرمایہ کاروں کوپاکستان میں انویسٹمنٹ کی دعوت دیتا ہوں۔