عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب حج کی ادائیگی پر پابندی ختم ہونے کے بعد عازمین حج کا پہلا دستہ سعودی عرب پہنچ گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا سے آنے والے عازمینِ حج کا گروپ مدینہ منورہ پہنچا ہے جو آئندہ ہفتوں میں جنوبی مکہ کے سفر پر روانہ ہوگا تاکہ آئندہ ماہ حج کی ادائیگی کا فریضہ انجام دیا جاسکے۔
وزارت حج کے عہدیدار محمد البجاوی نے سرکاری چینل ’الاِخباریہ‘ کو بتایا کہ ’ آج ہم نے رواں سال حج کی ادائیگی کے لیے آنے والے پہلے گروپ کا استقبال کیا ہے، یہ گروپ انڈونیشیا سے پہنچا ہے، جبکہ ملائیشیا اور بھارت سے بھی عازمین حج کے طیارے آرہے ہیں‘۔