پیپلز بس سروس پروجیکٹ کے کُل 7 روٹس میں سے پہلے روٹ پر کمرشل آپریشن شروع کرنے کی امید کے ساتھ سندھ حکومت نے چین سے درآمد شدہ بسوں کے ٹیسٹ ٹرائل کا آغاز کردیا ہے جنہوں نے بغیر کسی رکاوٹ کے 29 کلومیٹر کا سفر کامیابی سے طے کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات اور ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کابینہ کے ساتھی ارکان سعید غنی اور وقار مہدی کے ہمراہ پیپلز بس سروس کے ٹیسٹ کے آغاز کے لیے سفر کی شروعات شارع فیصل کی ماڈل کالونی سے کی اور ایک گھنٹے کے سفر کے بعد آواری ٹاور کے قریب سفر اختتام کیا۔
سفر کے اختتام کے بعد وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت پیپلز بس سروس پراجیکٹ کے تحت کراچی کے 7 مختلف راستوں پر 240 بسیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے اور یہ اس پراجیکٹ کے ٹیسٹ کا آغاز ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ 250 بسوں میں سے 240 کراچی میں چلائی جائیں گی جبکہ 10 بسیں لاڑکانہ میں چلائی جائیں گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ میں 14 برس سے زائد حکمرانی کے بعد ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے سیاسی مخالفین کی سخت تنقید کے پیش نظر اور شہر میں بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی نے شہری انتظامیہ میں کچھ حد تک کامیابی حاصل کی ہے۔
شرجیل میمن کے گزشتہ ماہ وزیر ٹرانسپورٹ کے طور پر عہدہ سنبھالنے کے بعد اس رفتار میں مزید تیزی آئی ہے اور انہوں نے اپنی وزارت میں گزشتہ کئی ماہ سے زیر التوا ٹرانسپورٹ سے متعلق کاموں کو ہفتوں میں مکمل کرنے میں ذاتی دلچسپی ظاہر کی۔