پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خواتین اراکین قومی اسمبلی سمیت دیگر رہنماؤں و کارکنان نے پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، اس دوران خواتین پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی گیٹ پر چڑھ گئیں۔
پی ٹی آئی خواتین کارکنان کی جانب سے مہنگائی، ای وی ایم بل اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کے حق کا بل ختم کرنے کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے کی قیادت اراکین قومی اسمبلی عالیہ حمزہ، کنول شوزب اور ملیکہ بخاری نے کی۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج کے دوران پی ٹی آئی خواتین رہنماؤں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
پی ٹی آئی اراکین نے احتجاج کے دوران مختلف برتن اور پلے کارڈز بھی ہاتھوں میں اٹھائے ہوئے تھے جن پر نعرے درج تھے۔
احتجاج کے دوران خواتین اراکین سمیت دیگر مظاہرین نے گیٹ توڑ کر اندر جانے کی کوشش کی، اس دوران پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والی کچھ خواتین اراکین پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی گیٹ پر چڑھ گئیں۔
پی ٹی آئی کی رہنما عالیہ حمزہ اور کنول شوزب پارلیمنٹ کے مرکزی گیٹ پر چڑھ گئیں جبکہ پی ٹی آئی خواتین اراکین گیٹ توڑ کر پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں گیٹ نمبر ایک تک چلی گئیں۔
عالیہ حمزہ، کنول شوزب اور ملیکہ بخاری نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے، تاہم باضابطہ طور پر ان کے استعفے منظور نہیں ہوئے ہیں۔