بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ بیانات کے خلاف بھارت کے مختلف شہروں میں پر تشدد مظاہرے پھوٹ پڑے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست جھارکھنڈ کے شہر رانچی میں پرتشدد مظاہروں کے دوران پولیس کی جانب مظاہرین پر فائرنگ کی گئی اور لاٹھیاں برسائی گئیں، مظاہروں میں دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
بھارتی شہر الہ آباد میں بھی گستاخانہ بیانات کے خلاف مظاہروں کے بعد صورت حال کشیدہ ہونے پر شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
نئی دہلی کی جامع مسجد کے باہر گستاخانہ بیانات کے خلاف گزشتہ روز ہونے والے مظاہرے میں شریک افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
بھارت کے سابق نائب صدر محمد حامد انصاری نے کہا ہے کہ بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات پر مودی کی خاموشی کوئی اتفاق نہیں بلکہ بہت معنی خیز ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اس سے اختلاف نہیں کرتے۔