وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پرویز الہٰی کے صاحبزادے اور مسلم لیگ ق کے ممبر قومی اسمبلی (ایم این اے) مونس الہٰی کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کی جائیں گی۔
ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ ایف آئی اے کی جانب سےکافی شواہد جمع کیےگئے، مونس الہٰی اور ان کے خاندان کے لین دین کو چیک کیا گیا جس کے بعد حکومت کو آگاہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے شواہد کی روشنی میں مونس الہٰی کےخلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب مونس الہٰی نے ‘بسم اللہ الرحمٰن الرحیم’ لکھ کر اپنے خلاف ایف آئی اے انکوائری کی خبرکا اسکرین شاٹ ٹویٹ کردیا۔اپنے ردعمل میں مونس الہٰی کا کہنا تھا کہ چاہے جتنےکیس بنالیں عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، ایف آئی اےکیس میں لگائےگئے الزامات کی تفصیلات کا ابھی علم نہیں ہے، اس طرح کے کیسز ہمارے خاندان پرپہلی بار نہیں بنے، ماضی میں بھی ہمارے خاندان پر اس طرح کےکیسز بنائے گئے۔
مونس الہٰی کا کہنا تھا کہ ہزار مقدمات بنالیں، عمران خان کے ساتھ کا فیصلہ اٹل ہے، مجھےکہا گیا کہ آپ سے غلطی ہوگئی،کوئی بات نہیں واپس آجائیں، میرےتمام اثاثے ڈیکلیئرڈ ہیں، اپنے خلاف تمام مقدمات کا سامنا کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ لالچ اور دھوکے سے قابو نہ آنے پر اب دباؤ ڈال رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ اس طرح کا دباؤ ڈال کر بجٹ منظور کروالیں۔