کراچی میں گزشتہ 5 سال سے قید 20 بھارتی ماہی گیروں کو حکومت پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت آج صبح ملیر جیل سے رہا کرکے لاہور روانہ کردیا ہے جنہیں پیر کی دوپہر واہگہ بارڈر پر بھارت کے حوالےکیا جائےگا۔
کراچی میں نیشنل ہائی وے پر واقع ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی کے سپرنٹنڈنٹ محمد ارشد کے مطابق 20 بھارتی ماہی گیروں کو کورٹ پولیس اور ایدھی فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے مطابق 20 ماہی گیروں کو لاہور کے واہگہ بارڈر تک پہنچانے کے تمام سفری اخراجات ایدھی فاؤنڈیشن ادا کر رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن نے ماہی گیروں کو خصوصی بس کےذریعہ لاہور روانہ کر دیا ہے، جیل پولیس کی ٹیم بھی بس میں ماہی گیروں کے ساتھ جائےگی۔
حسب سابق ماہی گیروں کے سفری اخراجات کے علاوہ اخراجات کی رقم اورکچھ تحائف بھی دیے گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ان ماہی گیروں کو جون 2018 میں پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر گھسنے اور بلااجازت ماہی گیری کرنے کے الزام میں سرکاری اداروں نے گرفتار کیا تھا۔
رہائی پانے والے ماہی گیروں میں کانجی، مانو، دانا، جیوا، رمیش، دنیش، دیوسی، میرو، نارائن، بھانرا، لال جی، نان جی، دینیش، ابو، یونس، نثار، عقیل، امین، فرید اور انیس شامل ہیں۔