سری لنکا میں فوج نے پیٹرول پمپ پر ایندھن حاصل کرنے کے لیے شہریوں کے درمیان ہونے والے فسادات پر قابو پانے کے لیے فائرنگ کردی۔
رپورٹ کے مطابق بدترین مالی بحران کے شکار ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے حصول کے لیے فیول اسٹیشنز کے باہر طویل قطاریں دیکھی گئیں۔
فوج کے ترجمان نیلانتھا پریمارتنے نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ ہفتے کی شب درالحکومت کولمبو سے 365 کلومیٹر دور واقع ویزوماڈو شہر میں فوجی اہلکاروں نے اس وقت فائرنگ کی جب مشتعل افراد نے ان پر پتھراؤ کیا۔
نیلانتھا پریمارتنے نے مزید بتایا کہ 20 سے 30 افراد کے ایک گروہ نے پتھراؤ کیا اور فوج کے ایک ٹرک کو نقصان پہنچایا۔
پولیس نے کہا کہ پیٹرول پمپ پر پیٹرول ختم ہونے پر گاڑی مالکان نے احتجاج شروع کر دیا اور صورت حال قابو سے باہر ہو گئی، اس موقع پر احتجاج فوجیوں کے ساتھ تصادم میں بدل گیا۔