افغانستان میں گزشتہ روزآنے والے زلزلے نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں اب تک 900 سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان صوبے پکتیکا میں گزشتہ روز زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 6.1 سے زائد بتائی جارہی ہے جب کہ زلزلے کے نتیجے میں اب تک 900 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور متعدد زخمی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی حکام کا کہنا ہےکہ زلزلے کے نتیجے میں متعدد گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے جب کہ قدرتی آفت کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
رپورٹس کےمطابق زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے 500 کلو میٹر سے زائد علاقوں میں محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں پاکستان اور بھارت کے کئی علاقوں میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا جب کہ دارالحکومت کابل میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 تھی اورزیر زمین اس کی گہرائی 51 کلو میٹر تھی جب کہ زلزلہ رات گئے محسوس کیا گیا۔
افغان حکام کےمطابق زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی ٹیموں کو بھیجا گیا ہے۔