پاکستان تحریک انصاف نے لاہور ہائیکورٹ کے وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔
سپریم کورٹ میں درخواست پاکستان تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری اور امتیاز صدیقی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں دائر اپیل کو منظور کرنے کی استدعا کی ہے۔
اپیل میں کہا گیا ہےکہ درخواست کے فیصلے تک وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب روکا جائے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ مسلم لیگ (ق) نے بھی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپنی درخواست تیار کرلی ہے جو آج ہی سپریم کورٹ میں دائر کی جائیں گی۔
لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے انتخاب کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے منحرف ارکان کے ووٹ نکال کر دوبارہ گنتی کرانے کا حکم دیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔