سابق وزیراعظم عمران خان نے اوورسیزپاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں وفاق،الیکشن کمیشن اور نادرا کو فریق بنایا ہے۔
عمران خان نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ نادرا اوورسیزپاکستانیوں کے لیے ووٹ ڈالنے کا طریقہ کاربنائے، الیکشن کمیشن اور دیگر کو اوورسیز پاکستانیوں کو دی گئی ووٹ کی سہولت کی فراہمی کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ الیکشن کمیشن کو نادرا کو فنڈز فراہم کرنے کا حکم دیا جائے اور سپریم کورٹ الیکشن ایکٹ میں کی گئی ترامیم کو غیرآئینی قراردے۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹنگ سے متعلق سابق حکومت کی ترامیم کو ختم کرنے کا بل منظور کر لیا ہے۔