وزیراعظم شہباز شریف نے حج اکبر کی سعادت حاصل کرنیوالے حجاج سمیت پوری امت کو مبارکباد پیش کی ہے۔شہباز شریف نے حج کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیبوں کو مبارکباد دیتے ہوئے عالم اسلام کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حج اکبر کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج سمیت پوری امت کو مبارک پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے عالم انسانیت بالخصوص مسلمانوں پر رحم، امت کے اتحاد، ترقی و خوش حالی، وباؤں سے نجات، مقبوضہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی اور مظلوم انسانیت کے دکھوں اور مصائب سے نجات کی دعا کی اپیل کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے حج کے دن کی اہمیت کے پیش نظر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آج کے دن کی برکت سے پاکستان کو قرض کی دلدل سے نکال دے۔
وزیراعظم نے مزید لکھا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بہ حیثیت قوم معاشی خود انحصاری کی منزل عطا فرمائے، شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی خصوصی دعا کرتے ہیں۔