پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج شام کو وزیراعظم شہباز شریف عوام کو بہت بڑا ریلیف دینے جا رہے ہیں۔چنیوٹ موڑ پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف کی محبت میں پورا جھنگ باہر نکلا ہے، ہم ملک میں ترقیاتی کام کروانے آئے ہیں، ہم اقتدار میں آلو پیاز کے ریٹ کم کرانے آئے ہیں، ہم گلیاں، سڑکیں بنوانے اور آلو پیاز کی قیمتیں کم کرنے آئے ہیں، ہم ہسپتال اور سکولز، کالجز بنوانے آئے ہیں، 17 جولائی کو کوئی گھر میں نہیں بیٹھے گا، سب نکلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وعدہ ہے جب تک یہاں ترقی نہیں آئے گی آرام سے نہیں بیٹھیں گے، عمران خان کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہوتی، یہ ایک خاتون کو پھر پنجاب پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو ہم نہیں ہونے دیں گے۔ آدھے لوگ کہہ رہے ہیں عمران خان جھوٹا ہے، عمران خان کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہوتی، عمران خان چور بھی ہے اور جھوٹا بھی ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ مشکل وقت گزر گیا ، اب روز خوشخبریاں آئینگی، آج شام کو شہباز شریف عوام کو بہت بڑا ریلیف دینے جا رہے ہیں۔اس سے قبل گوجرہ موڑ پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ بارش اور حبس کے باوجود کارکنوں کی کثیر تعدادم یں شرکت پر خوشی ہوئی، پارٹی کارکنوں کی شرکت اور شہریوں کا جم غفیر نواز شریف سے محبت کی عکاسی ہے، مشکل وقت گزر چکا، آنے والا وقت عوام کے لیے خوشخبریاں لائے گا۔ انشاء اللہ 17 جولائی کو ایک مرتبہ پھر شیر آ رہا ہے، مسلم لیگ ن کا مقابلہ عمران خان سے نہیں، نااہلی، مہنگائی اور پنجاب دشمنی سے ہے، مہنگائی کم کرنی ہے، پنجاب اور کسان کو ترقی دینی ہے تو ن لیگ کو ووٹ دینا ہے، عوام وعدہ کریں، 17 جولائی کو پنجاب کے دشمنوں کو اٹھا کر باہر پھینکیں گے۔